(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پانی کے وسائل کو محفوظ بنانے کیلئے اہم اقدامات کرنا ہونگے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پانی کی کمی سے خشک سالی بڑھ رہی ہے، پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، 2022 کے سیلاب نے پاکستان میں بہت تباہی مچائی، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر اقدامات سمیت ویژن 2030 پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں سعودی عرب کے شہر ریاض پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبد العزیز نے وزیر اعظم کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبال کیا، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق، پاکستانی و سعودی اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔