(لاہور نیوز) ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے خواتین پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار کروا دیا۔
گوجرانوالہ سے ہمسایہ شہری نے ون فائیو ایمرجنسی ہیلپ لائن پر مار پیٹ کی اطلاع دی، کالر نے بتایا کہ سامنے والے گھر سے روزانہ خواتین کے رونے اور مار پیٹ کی آوازیں آتی ہیں، ان کا داماد اپنی بیوی اور سسرالی خواتین پر شدید تشدد کرتا ہے۔
اطلاع موصول ہوتے ہیں ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے پولیس کو موقع پر روانہ کیا، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ خاتون اپنے میکے میں مقیم تھی اور اس کا شوہر روزانہ آ کر مار پیٹ کرتا تھا، مار پیٹ کے دوران گھر کی دیگر خواتین نے اسے چھڑانے کی کوشش کی تو ملزم نے پستول نکال لیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ کر لیا۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق پولیس نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا، خاتون کسی بھی ایمرجنسی میں فوراً 15 پر کال کرکے 2 دبا کر ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں رابطہ کریں۔