22 Nov 2024
(لاہور نیوز) کاہنہ کے علاقہ لکھوکی میں ہوائی فائرنگ اور غل غپاڑہ کرنے والے نوجوان کو ساتھیوں نے پولیس حراست سے چھڑوا لیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر 9 ایم ایم پسٹل اور گولیوں سمیت ملزم کو گرفتار کیا تھا، مرکزی ملزم کی شناخت حسیب کے نام سے ہوئی تھی، دوران گرفتاری ملزم حسیب نے پولیس ملازمین سے بھی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہاتھا پائی کی۔
کاہنہ پولیس ذرائع کے مطابق دیگر ملزمان میں قیصر ، بلال ، عثمان، شعیب اور 15 سے 20 نامعلوم افراد شامل ہیں، دوران مزاحمت پولیس کانسٹیبل محمد پرویز کی وردی بھی پھاڑ دی گئی، ملزم حسیب کے ساتھی اسکو پولیس حراست سے چھڑوا کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔
کاہنہ پولیس کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔