(ویب ڈیسک) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق ملکی پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی، دستاویزات کے مطابق اکتوبرمیں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ 38.34 فیصد کمی ہوئی اور 7 لاکھ 34 ہزار ٹن سے زائد پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں جبکہ ایک ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل39 کروڑ 84 لاکھ ڈالر رہا۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ سال اکتوبرمیں 9 لاکھ 28 ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئی تھیں جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 64کروڑ 61 لاکھ ڈالر تھا۔ اکتوبر میں خام تیل کی درآمدات میں بھی43.26 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ ہوئی، ایک ماہ کے دوران 5 لاکھ71 ہزار ٹن سے زائد خام تیل درآمد کیاگیا جس کا درآمدی بل 30 کروڑ 62 لاکھ ڈالر سے زائد تھا۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال اکتوبر میں 8 لاکھ 64 ہزار 708 ٹن خام تیل درآمد کیاگیا، گزشتہ سال اکتوبر میں خام تیل کادرآمدی بل 53 کروڑ 97 لاکھ 81 ہزار ڈالر تھا۔سرکاری دستاویزات کے مطابق اکتوبرمیں نیچرل لیکویڈ گیس کی درآمدات کا حجم27کروڑ 89 لاکھ ڈالرسے زائد رہا جبکہ اکتوبر میں پیٹرولیم گیس کی درآمدات کا حجم سالانہ 20 فیصد اضافے سے 7کروڑ 79 لاکھ ڈالرسے زائد رہا۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں پیٹرولیم شعبے نے مجموعی طورپر ایک ارب ڈالر سے زائدکی درآمدات کیں جبکہ مجموعی درآمدات میں سالانہ 30.55 فیصدکمی ریکارڈ کی گئی۔ رواں مالی سال جولائی تا اکتوبرپیٹرولیم شعبےکی مجموعی درآمدات 5.11 ارب ڈالر رہیں۔