(لاہور نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا وی پی اینز کی رجسٹریشن مزید آسان بنانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
پی ٹی اے نے اداروں، کال سینٹرز، بینکوں، سفارت خانوں اور فری لانسرز کے لیے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی اینز) کی رجسٹریشن کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا ہے۔
اپنے جاری اعلامیے میں پی ٹی اے نے بتایا کہ سافٹ ویئر ہاؤسز، سفارت خانے اور فری لانسرز اب پی ٹی اے کی ویب سائٹ www.pta.gov.pk پر اپنے وی پی اینز رجسٹرڈ کر سکتے ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن کے لیے آن لائن فارم مکمل کرنا اور بنیادی تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہوگا، فری لانسرز کو پروجیکٹ کے ساتھ وابستگی ظاہر کرنے کے لیے لیٹر پر مبنی ثبوت فراہم کرنا ہوں گے ،درخواست دہندگان کو وی پی این کنیکٹیویٹی کے لیے IP ایڈریس بھی فراہم کرنا ہوگا۔
اسی طرح فکسڈ آئی پی ایڈریس کی صورت میں اسے انٹرنیٹ سروس پرووائیڈر سے حاصل کیا جا سکتا ہے، وی پی اینز کی رجسٹریشن کے حوالے سے یہ ایک مفت عمل ہے، درخواست جمع کرانے کے 8 سے 10 گھنٹوں کے اندر منظوری کا عمل مکمل ہو جائے گا، 20000 سے زائد کمپنیاں اور فری لانسرز اپنے وی پی اینز رجسٹر کروا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس جنہیں عام طور پر (وی پی اینز) کہاجاتا ہے، دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے اپنے ملکوں میں ناقابل رسائی یا پابندی کا شکار مواد تک رسائی کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔