(ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان ملک بھر میں اپنے 16 فیلڈ دفاتر میں 19 نومبر 2024 کو ویمن انٹرپرینورشپ ڈے منائے گا۔ مرکزی تقریب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں ہوگی۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمدتقریب سے خطاب کریں گے،تقریب میں بینکوں اور نان بینک اداروں کے اعلیٰ حکام اور ورکنگ ویمن ایسوسی ایشنز کے نمائندے معیشت میں خاتون آجرین کے کردار کو سراہنے کے لیے شرکت کریں گے۔
ویمن انٹرپرینورشپ ڈے کی تیاریوں کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک جولائی 2024ء سے اپنے اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے متعدد سرگرمیاں انجام دے رہا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ خواتین کی زیرِ قیادت چلنے والے کاروباروں کے لیے سازگار ماحول پروان چڑھایا جائے۔ یہ سرگرمیاں، جن میں ورکشاپ، آگاہی کی مہمات، اور مینٹورشپ پروگرام شامل ہیں انجام دینے کا مقصد خواتین کو قرضوں کے دستیاب ذرائع سے آگاہ کرنا اور کاروباری سفر میں سہولت دینے کے لیے انہیں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے اسٹیٹ بینک – بی ایس سی دفاتر نے ملک بھر کی ایک ہزار سے زائد انٹرپرینور خواتین کو اپنے ساتھ ملایا ہے۔
ویمن انٹرپرینورشپ ڈے ایک عالمی اقدام ہے جس کا مقصد ایسی خواتین کو سراہنا اور انہیں تعاون فراہم کرنا ہے جو جدت طراز ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں اور معاشی نمو میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ اپنے کلیدی کردار کے باوجود ایسی خواتین کی بڑی تعداد کو قرضوں کے حصول اور کاروباری مواقع تک رسائی میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ ان تقریبات کے ذریعے اسٹیٹ بینک اور اس کے شراکت دار ادارے چاہتے ہیں کہ مزید خواتین انٹرپرینورشپ سے وابستہ ہوں اور آج کے مسابقتی ماحول میں کامیابی حاصل کریں۔