(لاہور نیوز) آلودگی کے اعتبار سے لاہور دوسرے نمبر پر آ گیا۔
شہر لاہور میں سموگ کی اوسط شرح 560 تک جا پہنچی، مال روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 806 ریکارڈ کیا گیا، امریکن قونصلیٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 860 رہا، جبکہ سید مراتب علی روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 949 تک جا پہنچا۔
محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے ایسٹرن ہوائیں چلنے کے باعث آلودگی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، سموگ کی روک تھام کے لئے آؤٹ ڈور سپورٹس، نمائشوں سمیت تمام بیرونی سرگرمیوں پر 17 نومبر تک پابندی عائد کر دی گئی جبکہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان ڈویژنز میں دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات آٹھ بجے بند کر دیئے جائیں گے، 17 نومبر تک تمام تر تفریح گاہیں بھی لاہور میں بند رہیں گی۔
ادھر صوبائی دارالحکومت لاہور کا آج کم سے کم درجہ حرارت 19 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر میں تاحال بارش برسنے کے کوئی امکانات نہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔