(لاہور نیوز) رہنما تحریک انصاف لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی مشکل وقت سے نکل آئی ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی موروثی سیاست کے حق میں نہیں ہے، میرا سیاسی تجزیہ ہے بانی پی ٹی آئی نومبر میں رہا ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی مشکل وقت سے نکل آئی ہے، بشریٰ بی بی بہت زیادہ سیاسی بصیرت رکھتی ہیں، میری نظرمیں بشریٰ بی بی کو فوکل پرسن بنانا چاہیے، یہ میری ذاتی رائے ہے فیصلہ بانی پی ٹی آئی نے کرنا ہے۔
پی ٹی آئی کی حکومت گرانے کے حوالے سے سوال پر اپنے جواب میں لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ لو کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو نکالا گیا تھا، ہمیں کوئی فیور نہیں چاہیے، بشری ٰ بی ی کی ضمانت کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نوماہ بعد بشریٰ بی بی کی ضمانت ہوئی ہیں، توشہ خانہ کی گھڑیوں سےعمران خان کی اہلیہ کا کوئی تعلق نہیں تھا۔
انہوں نے اتحادی حکومت ہر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسمبلی فارم47 کی پیداوار ہے، ترمیم کے دوران اختر مینگل اپنے سینیٹرز ڈھونڈتے رہے، جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کو کسی صورت خالی میدان نہیں دینا، جوڈیشل کمیشن میں شمولیت کا فیصلہ ابھی حتمی نہیں ہوا۔