(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے آف سپنر ساجد خان نے راولپنڈی ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لیکر نئی تاریخ رقم کردی۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے ہرا کر سیریز اپنے نام کی، گرین شرٹس تقریباً 4 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی۔
ساجد خان راولپنڈی سٹیڈیم میں 10 وکٹیں لینے والے پہلے سپنر بن گئے ہیں تاہم مجموعی طور پر آف سپنر نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 10 وکٹیں لینے والے تیسرے باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کیا، انہوں نے پہلی اننگز میں 6 جبکہ دوسری اننگز میں 4 وکٹیں اپنے نام کیں، ساجد نے مجموعی طور پر 197 رنز کے عوض 10 شکار کیے۔
ساجد خان نے انگلینڈ کیخلاف دو ٹیسٹ میچز میں 21.11 کی اوسط سے 19 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی قومی ٹیم کے سپنرز ساجد خان اور نعمان علی نے 20 وکٹیں حاصل کر کے 1972 کے بعد ٹیسٹ میچ میں 20 وکٹیں لینے والی پہلی جوڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔