(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز کامران غلام نے کہا ہے کہ ٹیم میں شامل ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، انگلینڈ جیسی بڑی ٹیم کے خلاف ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے پر بے حد خوشی ہوئی۔
کامران غلام نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میں نے انگلینڈ کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری بنائی، بہت وقت سے قومی ٹیم میں چانس کا انتظار کر رہا تھا، میں ہمت نہیں ہارا، محنت کرتا رہا اور آج چانس ملا تواس سے فائدہ اٹھایا۔
کامران غلام نے کہا کہ میں پازیٹیو مائنڈ کے ساتھ کرکٹ کھیلتا ہوں، فرسٹ کلاس میں بہت رنز بنائے، بابر اعظم کی جگہ ٹیم میں کھلائے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ایک لیجنڈ پلیئر ہیں، پریشر تو تھا کہ بابراعظم کی جگہ کھیل رہا ہوں لیکن ذہن میں یہی تھا کہ پچ جیسی بھی ہو ٹیم کے لئے اچھے سے اچھا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں جب وکٹ پر آیا تو سوچ رکھا تھا کہ اپنا نیچرل گیم کھیلوں گا۔