(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی ایل ڈی اے کو ایل ڈی اے سکیموں میں زمین ادارے کے نام ٹرانسفر کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری محمد اقبال نے ایل ڈی اے کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر ڈی جی ایل ڈی اے اور ادارے کے سینئر لیگل ایڈوائزر صاحبزادہ مظفر علی پیش ہوئے۔
دوران سماعت جسٹس چودھری اقبال نے ریمارکس دیئے کہ ایل ڈی اے جب کسی سکیم کے لئے رقبہ حاصل کرتا ہے تو اسے اپنے نام ٹرانسفر نہیں کراتا، زمین ایل ڈی اے کے نام ٹرانسفر نہ ہونے سے فراڈ کے ذریعے دوسروں کو بیچ دی جاتی ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے جواباً کہا کہ گزشتہ ایک سال میں 25 ہزار کنال اراضی ایل ڈی اے نے اپنے نام ٹرانسفر کی ہے، باقی 10 ہزار کنال زمین دو ماہ میں ایل ڈی اے اپنے نام ٹرانسفر کر لے گا۔
عدالت نے ایل ڈی اے سکیموں میں زمین ادارے کے نام ٹرانسفر نہ ہونے پر ڈی جی کو دو ماہ کی مہلت دے دی۔