مخصوص نشستوں کے متعلق عدالتی فیصلے سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا: عرفان صدیقی
(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے متعلق عدالتی فیصلے سے معاملہ حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ آپ آئین نہیں بناتے، آئین اور قانون ہم بناتے ہیں، ہم اپنی حدود میں رہنا چاہتے ہیں، ہمیں حدود میں رہنے دیں، آپ نے پارلیمان کو نہیں پارلیمنٹ نے آپ کو بنایا، ہم نے کہا آپ 17 ہوں گے تو آپ 17 ہیں، ہم نے کہا کہ آپ کی تنخواہ اور پنشن اتنی ہو گی۔
عرفان صدیقی نے سوال اٹھایا کہ آئین کہتا ہے کہ مجلس شوریٰ کی اتھارٹی کی کوئی حد ہی نہیں، جب آئین کہتا ہے کہ کوئی ترمیم چیلنج نہیں ہو سکتی تو پھر کیسے ہوتی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلےمیں انہونی چیزیں ہوئیں، کئی سوال پیدا ہو گئے، آئے دن قانون یہ کہہ کر ختم کر دیا جاتا ہے کہ یہ آئین سے متصادم ہے، ہم غلطی کرتے ہیں تو عدلیہ اصلاح کر دیتی ہے عدلیہ آئین سے متصادم فیصلہ کرے تو کون ٹھیک کرے گا؟
لیگی سینیٹر نےمزید کہا کہ جب آئین و قانون تین دن کا کہتا ہے تو آپ 15 دن کہاں سے لے آئے؟ یہ اختیار کہاں سے ہے؟ اگر آپ نے یہ اختیار لے لیا ہے تو غلط ہے، آئین یہ کہتا ہے کہ جیتنے والا امیدوار تین دن میں کوئی پارٹی جوائن کرے، معزز ججز بھی انسان ہیں، ان سے بھی غلطی ہو سکتی ہے۔