(لاہور نیوز) عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل کو نیب تفتیشی افسر پر جرح کے لئے آخری مہلت دے دی۔
ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو پیش کیا گیا، ملزمان کی جانب سے انتظار پنجوتھہ ، نعیم پنجوتھہ اور فیصل فرید چودھری عدالت پیش ہوئے، نیب کی جانب سے سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے چار وکلا سلیمان صفدر، خالد یوسف، مشال یوسف اور عثمان گل ہیں جس میں پراسیکیوٹر عثمان گل بیمار ہیں ، باقی وکلا کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
نیب وکلا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اگر عثمان گل بیمار ہیں تو ان باقی وکلا کو طلب کر کے آخری گواہ پر جرح کرائی جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ سے وکلا صفائی خود آرڈر لائے کہ کارروائی کو آگے بڑھایا جائے، اب وکلا صفائی جان بوجھ کر ریفرنس کی سماعت کو التوا میں ڈال رہے ہیں۔
عدالت نے وکلا صفائی کو ہدایت کی کہ آپ کو آخری موقع دیا جا رہا ہے، آئندہ سماعت پر نیب تفتیشی افسر پر جرح مکمل کریں۔
بشریٰ بی بی کے وکلا صفائی کی عدم حاضری پر عدالت نے سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی، عدالت نے آئندہ تاریخ سماعت پر ہر صورت جرح کرنے کی ہدایت کر دی۔