( لاہور نیوز) پنجاب حکومت کا نایاب جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیرقانونی کاروبار اور سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن ، 10 کروڑ روپے کی مالیت کا نایاب نسل کا عقاب برآمد کرلیا۔
محکمہ جنگی حیات کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر پولیس کے ہمراہ تونسہ میں کارروائی کی گئی، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ نایاب عقاب جسمانی طورپر صحت مند پایا گیا، جس کی 36 ہزار ڈالر سے زائد مالیت ہے، ملزم نایاب پرندوں کو بیرون ملک سمگل کرنے کے دھندے میں ملوث ہے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے محکمے کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ برآمد ہونے والےعقاب کو ٹریکر کے ساتھ دوبارہ آزاد کیا جائے گا، پرندے ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کی پالیسی کے تحت صوبے بھر میں مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، اب تک متعدد نایاب جنگلی جانور اور پرندے برآمد کرکے چڑیا گھر منتقل کئے جاچکے ہیں، متعدد جانوروں اور پرندوں کا علاج کرا کے اُن کی جان بچا لی گئی۔