(لاہورنیوز) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف کو رنگ روڈ کے اوپر کاہنہ کے قریب جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی۔
اس حوالے سے پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے شرائط عائد کی ہے کہ علی امین گنڈا پور اپنے بیانات پر معافی مانگیں، علی امین گنڈا پور کے معافی نہ مانگنے پر این او سی منسوخ کیا جاسکتا ہے۔پنجاب حکومت کا اپنی شرائط میں مزید کہنا تھا کہ جلسے میں کسی ادارے، کسی اعلیٰ شخصیات کے خلاف بیان بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ لاہور میں جلسہ عام کے حوالے سے ایس او پیز طے ہونے کے بعد اجازت دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔واضح رہے پاکستان تحریک انصاف نے آج لاہور ہائیکورٹ میں مینار پاکستان پر جلسہ کی اجازت کیلئے درخواست دائر کی تھی ، جس پر عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔