انسدادِ انسانی سمگلنگ کی کارروائیاں،خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار، 201 پاکستانی پاسپورٹس برآمد
(ویب ڈیسک) انسانی سمگلنگ، انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور کی بڑی کارروائیاں،2اشتہاریوں سمیت 3 ملزمان گرفتار، 201 پاکستانی پاسپورٹس برآمد کرلئے گئے۔
تفصیلات کےمطابق ملزمان کی شناخت ثمینہ بی بی، نعیم لیاقت اور عثمان اشرف کے نام سے ہوئی، ملزمہ ثمینہ بی بی کو چھاپہ مار کارروائی میں پوش ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا، ملزمہ نے شہری کو شادی کا جھانسہ دے کر برطانیہ بھجوانے کے لئے50 لاکھ ہتھیائے، ملزمہ کا نام انسدادِ انسانی سمگلنگ لاہور سرکل کی مطلوبہ ملزمان کی فہرست میں شامل تھا۔
ملزم نعیم لیاقت کو شادمان میں واقع ٹریول ایجنسی کے دفتر سے گرفتار کیا گیا،ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ چھاپہ مار کارروائی میں دفتر سے 201 پاکستانی پاسپورٹ برآمد کئے گئے، ملزم بغیر کسی لائسنس شہریوں سے پاسپورٹس وصول کر رہا تھا،ملزم پاسپورٹس کی برآمدگی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا ،ملزم بغیر لائسنس شہریوں کو ایران زیارات کے لئےبھجوانے میں بھی ملوث پایا گیا۔
ایک اور کارروائی میں اشتہاری ملزم عثمان اشرف کو لاہور سے گرفتار کیا گیا،ملزم شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث پایا گیا،ملزم نے شہری کو مسقط ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لئے 6 لاکھ روپے وصول کئے،ملزم شہری کو مسقط بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا ،ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔