(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مختلف مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی و دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل طلب کر لیے ہیں۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ن لیگ کا دفتر جلانے، کلمہ چوک میں کنٹینر نذر آتش کرنے اور پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید، شاہ محمود قریشی اور اعجاز چودھری کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔
پی ٹی آئی رہنما ؤں کے وکلاء دلائل کیلئے عدالت پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستوں پر دلائل طلب کر تے ہوئے مزید سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
عدالت میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید، شاہ محمود قریشی اور اعجاز چودھری نے 9 مئی کے مختلف مقدمات میں ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔