(لاہور نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جب تک 9 مئی کا حساب نہیں ہو گا، کسی قسم کے مذاکرات کسی کے ساتھ نہیں ہوں گے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اس وقت این آر او مانگ رہے ہیں، یہ لوگ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان بھی فوج سے مذاکرات چاہتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ محمود اچکزئی سے سوال کروں گا، کیا وہ فوج کے ساتھ یہ مذاکرات کریں گے؟ بانی پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات نہیں کرنا چاہیے، پوچھتا ہوں اس پر اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود اچکزئی کا کیا موقف ہے؟
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ محمود اچکزئی کو میری بات غلط لگے تو مجھے ٹوک دیں، میں اپنی بات واپس لے لوں گا، سمجھنا ہو گا یہ نیا نظام ہے، نئی قیادت ہے، ان کو بھنگ کی طرح نشے کا ٹھرک لگا ہے، انہیں بار بار وہی یاد آ رہا ہے، مذاکرات کرنے ہیں تو کر لیں ورنہ منت کا کوئی اور طریقہ دریافت کر لیں۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ جن کو یہ آوازیں مار رہے ہیں، ان سے مذاکرات کرنے ہیں تو کر لیں، کہتے ہیں ہمارا اتحاد ہے، اس کے سربراہ محمود اچکزئی ہیں، وہ مذاکرات کریں گے، پہلے اپنے گھر میں فیصلہ کر لیں کہ مذاکرات کرنے کس سے ہیں، جن سے مذاکرات کرنے ہیں ان سے بھی کر لیں، ہمارا کوئی اختلاف نہیں۔