(ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے بھی ڈھکے چھپے انداز میں مقبول ترین اداکار ہمایوں سعید کی عمر پر سوال اٹھا دیا۔
ہمایوں سعید کا شمار پاکستان کے سدا بہار اداکاروں میں کیا جاتا ہے جن کی بڑھتی عمر بھی ان کے کیریئر میں رکاوٹ نہیں بنی۔
حال ہی میں عتیقہ اوڈھو دیگر اداکاراؤں کے ہمراہ نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شریک ہوئی تھیں۔ اس دوران اداکارہ نے ہمایوں سعید کی یمنیٰ زیدی کے ساتھ بطور ہیرو کاسٹنگ سے متعلق گفتگو کی۔
دوران شو عتیقہ اوڈھو نے ازراہ مذاق سوال کیا کہ ہمایوں سعید کی کیا عمر ہوگی؟ جس پر شو میں موجود تمام لوگ ہنس پڑے ۔
بعد ازاں عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ ’مرینہ خان اپنی ڈائریکشن میں مجھے اور ہمایوں کو ایک ساتھ کاسٹ کرچکی ہیں، اس وقت ہمایوں نے ہیرو اور میں نے بطور ہیروئن کام کیا تھا لیکن ہمایوں آج بھی ہیرو آرہے ہیں کیوں کہ لوگ انہیں دیکھنا چاہتے ہیں‘۔
عتیقہ اوڈھو نے ہمایوں اور یمنیٰ کے حالیہ ڈرامے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ’ یمنیٰ ہمایوں سے آدھی عمر کی ہے لیکن ہمایوں سعید آج بھی کامیاب اداکار ہیں، ساتھ ہی وہ آج بھی ہینڈسم ہیں سب سے بڑی بات انہوں نے خود کو maintain رکھا ہوا ہے،۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ’ ہمارے لوگ آج بھی ہمایوں کو بطور ہیرو دیکھنا چاہتے ہیں اور انہیں قبول بھی کرتے ہیں، دوسری جانب مجھے یمنیٰ زیدی پسند ہیں وہ ایک بہترین اداکارہ ہیں لیکن وہ بہت صاف گو ہیں‘۔