سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کیلئے سی پی او راولپنڈی کو مہلت
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کیلئے سی پی او راولپنڈی کو مہلت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے محمد اکرم کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر محمد اکرم کی اہلیہ میمونہ ریاض، ایمان مزاری ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
سی پی او راولپنڈی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور تھانہ صدر بیرونی پولیس بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے سی پی او راولپنڈی سے استفسار کیا کہ محمد اکرم کی بازیابی کے حوالے سے کوئی سراغ ملا، جس پر سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ محمد اکرم کی بازیابی کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔
عدالت نے سی پی او راولپنڈی کو محمد اکرم کی فیملی کی حفاظت کو یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔
جسٹس مرزا وقاص رؤف نے سی پی او راولپنڈی کو ہدایت کی کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات بھی کی جائیں، جو کچھ ہو رہا ہے کسی نے لوگوں کے لئے کوئی اعتماد نہیں چھوڑا، ہر کسی نے اپنا رول پلے کرنا ہے، سب اللہ تعالیٰ کو جواب دہ ہیں، مسنگ ایشو کافی الارمنگ ہو چکا ہے، پتہ چلتا ہے بندہ یہاں مسنگ ہے لیکن افغانستان بیٹھا ہوا ہے۔
اس موقع پر سی پی او راولپنڈی نے محمد اکرم کی بازیابی کیلئے 14 روز کی مہلت مانگ لی۔
بعدازاں عدالت نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔