عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس کی تفصیلات سامنے آگئیں
(ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس سعودی ولی عہد کی جانب سے دیئے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو بلغاری جیولری سیٹ 7 سے 10 مئی 2021 کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر دیا گیا، جیولری سیٹ میں ایک عدد انگوٹھی، ایک عدد بریسلٹ، ایک نیکلس، ایک بالیوں کی جوڑی شامل ہے۔
نیب ریفرنس میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران اکٹھے کیے گئے شواہد کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا، ڈپٹی ملٹری سیکرٹری نے 18 مئی 2021 کو سیکشن افسر توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے اور ڈکلیئر کرنے کے بارے آگاہ کیا لیکن جیولری سیٹ کو جمع نہیں کرایا گیا۔
ریفرنس کے مطابق بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودی عرب کو 25 مئی 2018 کو ہار 3 لاکھ یورو اور بالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی تھیں، کمپنی سے بریسلٹ اور انگوٹھی کی قیمت کے بارے معلومات نہیں مل سکیں، 28 مئی 2021 کو بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قیمت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر
قومی احتساب بیورو نے ریفرنس میں کہا ہے کہ جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت ایک کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے۔
ریفرنس کے مطابق توشہ خانہ رولز کے تحت 50 فیصد دے کر بلغاری جیولری سیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے، بلغاری جیولری سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
احتساب عدالت میں جمع کرائے گئے ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کے ساتھ مل کر نیب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 9 اور سب سیکشن 3،4،6 اور 12 کی خلاف ورزی کی ہے، یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف انکوائری شروع ہوئی۔
نیب کا مزید کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، عمران خان نے اپنی وزارتِ عظمیٰ کے دور میں 108 تحائف میں سے 58 اپنے پاس رکھے۔