(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر کل صبح 9بجے الیکشن ترمیمی ایکٹ کے خلاف درخواست پر سماعت کریں گے۔
شہری منیر احمد نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور مختلف سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ایکٹ کے ذریعے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، الیکشن ایکٹ میں ترامیم بدنیتی پر مبنی ہیں، الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کا اطلاق ماضی سے نہیں ہو سکتا۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کو غیر آئینی قرار دیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک پی ٹی آئی کے علاوہ کسی دوسری سیاسی جماعت کو مخصوص نشستیں دینے سے روکا جائے۔