قوم کے کل کیلئے اپنا آج قربان کرنے والے جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں: عمر ایوب
(لاہورنیوز) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے وادی تیراہ میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے شہید لیفٹیننٹ عزیز محمود ملک کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ شہید کے اہلخانہ کے دکھ اور غم میں برابر کا شریک ہوں، لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے بہادری سے آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
عمر ایوب خان نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہمارے شہداء اور ان کے اہلخانہ پوری قوم کا فخر ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، قوم کے کل پر اپنا آج قربان کرنے والے فوج کے بہادر افسران اور جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔انہوں نے اللہ تعالیٰ سے شہید کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا۔