(ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہو گی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کیس کی سماعت کریں گے، سماعت کے دوران وکلاء صفائی تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جرح مکمل کریں گے، نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوں گے۔
خیال رہے کہ ریفرنس میں کل 59 گواہان تھے جن میں سے 35 گواہان اپنے بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں، نیب نے پہلے مرحلے میں 10 گواہان کو ترک کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران نیب نے بقیہ 14گواہان غیر ضروری جان کر ترک کر دیئے تھے جبکہ 34 گواہان پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔
پیر کو سماعت کے دوران آخری گواہ اور تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جرح مکمل ہونے کا امکان ہے، وکلاء صفائی کی جانب سے 14 گواہان کو طلبی کے سمن جاری کرنے کی درخواست غیر مؤثر قرار دی جا چکی ہے۔
کل ہونے والی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے عدالت پیش کیا جائے گا، آخری گواہ پر جرح مکمل ہونے کے بعد ملزمان اور وکلاء صفائی کے گواہان کی فہرست دینے کی کارروائی ہوگی۔