(ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی وخوشحالی کیلئے پرعزم ہیں۔
اقلیتوں کےقومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں اقلیتوں کا دن مناتے ہیں، قائداعظم کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئے کیے گئے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے، خوشی ہے کہ پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5فی صد کوٹہ مختص کیا ہے ، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نشستیں مختص کی گئی ہیں، غریب اور مستحق افراد کو مالی امداد، شادی کیلئے گرانٹس فراہم کی جارہی ہیں، اقلیتی طلبہ کو تعلیمی وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت و دیکھ بھال کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف
دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ملکی ترقی وشحالی میں اقلیتوں کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے پیغام میں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا ، اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں، ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کیلئے کام کریں، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے مساوی مواقع فراہم کرے گا، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملکی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔