(ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے سٹیشنری پر ٹیکس چھوٹ دینے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کےدرمیان سٹیشنری کے ٹیکس پر ورچوئل مذاکرات ناکام ہو گئے، ہائی لائٹرز، پنچنگ مشینز، پنسل باکس پر جی ایس ٹی ٹیکس برقرار رہے گا۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پین، سٹیپلر، مارکر،کیلکو لیٹر، شارپنرز، ربڑ پر ٹیکس برقرار رہے گا، بچوں کے آرٹ سپلائیز اور سٹکی نوٹس پر بھی ٹیکس کا اطلاق ہو گا۔
خیال رہے کہ حکومت نے بجٹ میں سٹیشنری آئٹمز پر 10 فیصد سیلز ٹیکس لگا رکھا ہے، ٹیکس بڑھنے سے جولائی میں سٹیشنری آئٹمز کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 10 فیصد سیلز ٹیکس کے باعث سٹیشنری آئٹمز 15 فیصد مہنگی ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے آئی ایم ایف سے سٹیشنری پر طویل مذاکرات کیے گئے، آئی ایم ایف نے سیلز ٹیکس کی شرط بڑے پیمانے پر سٹیشنری درآمد ہونے پر عائد کی ہے۔