(لاہور نیوز) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد لنگڑیال کو سیکرٹری ریونیو کا چارج بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر کو سیکرٹری ریونیو کی ذمہ داریاں دینے کیلئے الگ نوٹیفکیشن ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مکمل اختیارات کیلئے چیئرمین ایف بی آر کو سیکرٹری ریونیو کی ذمہ داریاں دینا ناگزیر ہوگا، امجد زبیر ٹوانہ کے پاس بطور چیئرمین ایف بی آر سیکرٹری ریونیو کا چارج بھی تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس(پی اے ایس) کے راشد لنگڑیال کو چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) تعینات کیا تھا جس کا وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
راشد لنگڑیال ہارورڈ یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں، پبلک ایڈمنسٹریشن انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ، موبلائزنگ گروپ ریسورس، ڈویلپمنٹ پالیسی اسٹریٹیجی سمیت اہم انتظامی امور کا تجربہ رکھتے ہیں۔