(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن ترمیمی ایکٹ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی، درخواست میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ تحریک انصاف مخصوص نشستوں کی فہرستیں الیکشن کمیشن میں جمع کرا چکی ہے، 12 جولائی کے فیصلے کے بعد مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق ہے۔
درخواست میں سپریم کورٹ سے الیکشن ترمیمی ایکٹ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دیا جائے، الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں کو الاٹ کرنے سے فوری روک دیا جائے۔
درخواست میں عدالت سے یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ خواتین و غیر مسلم کی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو الاٹ کرنے کا حکم دیا جائے۔