(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے رہنما تحریک انصاف عالیہ حمزہ کو کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں عالیہ حمزہ کی مزید مقدمات میں گرفتاری روکنے کی سماعت ہوئی، جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ حمزہ کے شوہر کی درخواست پر سماعت کی، ہائیکورٹ نےعالیہ حمزہ کو29 اگست تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ عالیہ حمزہ کوکسی بھِی نئے مقدمے میں گرفتارنہ کیا جائے۔ عدالت نے درخواست گزار کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی جبکہ پولیس کو حکم دیا کہ عالیہ حمزہ کوہائیکورٹ کی اجازت کے بغیر گرفتارنہ کیا جائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پراٹارنی جنرل سے رپورٹ طلب کرلی۔
عالیہ حمزہ کے شوہر حمزہ جمیل نے درخواست دائر کررکھی ہے اور موقف اختیار کیا کہ عالیہ حمزہ پر سیاسی مقدمات درج کیے جارہے ہیں، ایک مقدمے میں ضمانت کے بعد دوسرے مقدمے میں نامزد کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ 31 جولائی کو گوجرانوالہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کی، عالیہ حمزہ کو 9 مئی کے واقعات کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، اس سے قبل بھی عدالت سے ان کی ضمانت منظور ہوتی رہی ہے تاہم پولیس کی جانب سے انہیں کسی نئے مقدمے میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔