(لاہور نیوز) پولیس نے جرمن سیاح کو لوٹنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے چھینا گیا کیمرہ اور موبائل فون برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق جرمن سیاح سے واردات کرنے والے 3 ملزمان کو غازی آباد اور برکی سے گرفتار کیا گیا ہے، اس سے قبل سی سی پی او لاہور نے 4 ڈولفن اہلکاروں کو بھی گرفتار کرایا تھا جنہوں نے موقع پر پہنچنے کے باوجود ملزمان کیخلاف کارروائی نہیں کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈولفن اہلکاروں نے جرمن سیاح کو زبانی کلامی مطمئن کیا اور اسے قانونی کارروائی نہ کرنے کا مشورہ دیتے رہے، جرمن سیاہ نے اس بابت آئی جی پنجاب سے ملاقات کے دوران تمام صورتحال سے آگاہ کیا تھا، جس پر ڈولفن اہلکار مزمل، عمیر، قاصد اور حسنین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور انہیں گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ جرمن سیاح فلورین برگ سے ڈکیتی کی واردات تین روز قبل اس وقت ہوئی جب وہ شمالی چھاؤنی کے علاقہ گلدشت ٹاؤن میں ایئر پورٹ کے قریب خیمہ لگا کر سو رہا تھا، گزشتہ روز سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جرمن سیاح سے ملاقات کی اور اسے 5 لاکھ روپے پیش کیے تھے۔