(لاہور نیوز)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی بینظیر شہید کے وفادار ہیں تاہم ایک جماعت نے عوام کو بھڑکایا اور گالی گلوچ کی سیاست کی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ جیالوں پر لازم ہے کہ آصف علی زرداری سے محبت کریں، محترمہ کی شہادت کے بعد آصف زرداری پاکستان کھپے کا نعرہ نہ لگاتے تو مشکل میں ہوتے، ہم جب ن لیگ سے اتحاد کرتے ہیں تو کارکنوں کو شکوہ رہتا ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کیلئے فیصلے کئے اور قربانی دی، پی پی سندھ کی نہیں پنجاب کی جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنیوالے وقت میں ہم نے لاہور، پنجاب اور ملک سے جیتنا ہے اور بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانا ہے، میرے ہوتے کوئی پیپلز پارٹی کے ورکرز کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، پیپلزپارٹی نے اپنے قائدین کی قربانیوں کے باوجود ملک کیخلاف بات نہیں کی، گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنی جگہ بنائے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر اس الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی ن لیگ کی سپورٹ نہ کرتی تو پاکستان مشکل میں چلا جاتا تاہم پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، پیپلز پارٹی نے ملک کی بقاء کیلئے اپنی سیاست کو نقصان پہنچایا، ہم چاہتے ہیں ملک ترقی کرے اور خوشحالی آئے۔