(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پیپلز پارٹی مینارٹی ونگ پنجاب کے نائب صدر ایڈون سہوترا کی جانب سے مریم نشاط کالونی آر اے بازار کینٹ میں بنائے گئے بلاول بھٹو زرداری کمیونٹی سینٹر کا افتتاح کر دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے نام سے کمیونٹی ہال کا افتتاح کر کے خوشی ہوئی ہے، لیڈر وہ ہوتا ہے جو عوام کو ساتھ لے کر چلے ایڈون نے ایسا ہی کیا، پیپلز پارٹی کی پوری قیادت ایڈون کو پوری عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے، گورنر ہاؤس سب مسیحیوں کیلئے ہمیشہ کھلا ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ مسیحی کمیونٹی ہمیشہ سے محب وطن ہے، میری خواہش ہے کہ ایڈون سہوترا عام انتخابات میں الیکشن لڑیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اس علاقے میں شروع کرائیں گے، میں اپنی اقلیتوں کیلئے چھتری کی طرح ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا، اقلیتوں کو اگر کانٹا بھی چبھے گا تو مجھے پہلے درد ہو گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری ایڈون سہوترا سے پیار کرتے ہیں، نشاط کالونی کے ایڈون سہوترا نے پانی کی بحالی کیلئے بات کی، ہم شرمندہ ہیں ان کا مطالبہ پورا نہیں کر سکے۔
حسن مرتضیٰ نے مزید کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے اقلیتوں کی حامی جماعت رہی ہے، سندھ میں بڑے کلیدی عہدوں پر اقلیتی ہیں، جنہیں آپ لوگ کہیں گے وہ ہی پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے گا۔