ایئرپورٹس کا جائزہ لینے والی کمیٹی کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ، مختلف شعبوں کا معائنہ
(لاہور نیوز)مختلف ملکی ایئرپورٹس کا جائزہ لینے کیلئے قائم وفاقی کابینہ کمیٹی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے لاہور ایئر پورٹ کا دورہ کیا جہاں اے ایس ایف اور سول ایوی ایشن کے اعلیٰ افسران نے وفاقی وزراء کو بریفنگ دی۔
وفاقی وزراء نے سول ایوی ایشن حکام کو اندرون و بیرون ملک کے مسافروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ایئر پورٹ سکیورٹی فورس لاؤنج کے اندر اور باہر مسافروں سے تعاون یقینی بنائے۔
کابینہ کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ بزرگ و خواتین مسافروں کے لیے زیادہ بہتر اور ترجیحی اقدامات ہونے چاہئیں، ایس او پیز پر عمل کرکے سامان کی غیر ضروری چیکنگ سے اجتناب کریں۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ امیگریشن کاؤنٹرز پر بین الاقوامی مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ایئر پورٹس پر صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کیلئے عالمی معیار کو مد نظر رکھا جائے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ عالمی پروازوں کیلئے کاؤنٹرز پر کم سے کم وقت میں مسافروں کو کلیئرنس ملنی چاہئے، ایئر پورٹ کسی بھی ملک کا پہلا تعارف ہوتا ہے،اسے مکمل بہتر بنانا ہو گا۔