راحت فتح علی خان کی گرفتاری کی خبروں کا معاملہ،بھارتی گلوکار میکا سنگھ کا ردعمل بھی سامنے آگیا
(ویب ڈیسک) بھارت کے معروف گلوکار میکا سنگھ نے دبئی ایئرپورٹ پر گرفتاری کے معاملے کے بعد عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کے سابق مینیجر سلمان احمد کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کررہی تھی کہ راحت فتح علی خان کو اُن کےسابق مینیجر سلمان احمد کی جانب سے ہتک عزت کی شکایت پر دبئی ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔اس خبر کے سامنے آتے ہی راحت فتح علی خان کے مداح پریشان ہوگئے تھے، تاہم بعدازاں، گلوکار نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں اپنی گرفتاری کی خبروں کی تردید کردی تھی۔
راحت فتح علی خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ وہ اپنے گانوں کی ریکارڈنگ کے لئے دبئی آئے اور ان کے گانے ریکارڈ ہو رہے ہیں اور سب معاملات ٹھیک ٹھاک ہیں۔انہوں نے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ گھٹیا افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں، ایسا کچھ نہیں ہے جو دشمن سوچ رہے ہیں، وہ بہت جلد پاکستان واپس آئیں گے۔
اب اس معاملے پر معروف بھارتی گلوکار میکا سنگھ بھی بول پڑے ہیں، اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری راحت فتح علی خان کے سابق مینیجر سلمان احمد کے نام پیغام جاری کیا۔میکا سنگھ نے کہا کہ راحت فتح علی خان کے مینیجر (سابق) نے وہی حرکت کی جس سے مجھے شدید نفرت ہے، مجھے سمجھ نہیں آرہا ہے کہ گلوکار کا مینیجر (سابق) اپنے فنکار کے ساتھ ایسی گھٹیا حرکتیں کیوں کررہا ہے۔
بھارتی گلوکار نے کہا کہ اس مینیجر کو راحت فتح علی خان کی وجہ سے ہی شہرت، عزت، دولت اور پہچان ملی، سب کچھ حاصل کرنے کے بعد وہ ایسی سستی حرکتیں کررہا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ سلمان بھائی! آپ جو کررہے ہیں یہ اچھی بات نہیں ہے، راحت فتح علی خان آپ کے بھائی کی طرح ہیں۔
یاد رہے کہ گلوکار نے چند ماہ قبل ہی اپنے مینیجر سلمان احمد کو برطرف کردیا تھا اور دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات درج کرائے ہیں۔