پنجاب میں بہترین گورننس کے لئے قانون سازی کا عمل جاری ہے، ملک صہیب احمد بھرتھ
(لاہور نیوز) وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا ہے پنجاب میں بہترین گورننس اور عوامی سہولیات کے لئے قانون سازی کا عمل جاری ہے۔
صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی نجی کالج سے منسلک آئی وی وائے لاء کالج کے اساتذہ اور سٹوڈنٹس سے ملاقات ہوئی، وفد کی قیادت محبوب احمد اور مس نور نے کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا پنجاب حکومت صوبے بھر کی بارز میں خواتین وکلاء کے بچوں کے لئے ڈے کیئر سینٹر کے قیام کے لئے اقدامات کر رہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ورکنگ ویمن کی آسانی کیلئے اقدامات اُٹھا رہی ہیں، لاہور سمیت پنجاب بھر میں کرائم کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا پنجاب میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا رہے ہیں، لاء کے سٹوڈنٹس قوانین کے حوالے سے لوگوں کی کیپسٹی بلڈنگ میں اپنا کردار ادا کریں، پنجاب حکومت شاہراہوں اور مراکز صحت کی بلڈنگز کے سٹرکچر کو بھی بہتر کر رہی ہے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے عوام کے مفاد کا ایک بل بھی پیش نہیں کیا گیا ہے۔