(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبزا نڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین پروگرام کے دوران والد کا ذکر کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔
حال ہی میں اداکارہ سونیا حسین نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی اور کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سونیا حسین نے بتایا کہ میرے والدین کے درمیان اچھے تعلقات نہیں تھے جس وجہ سے ان کے درمیان تلخ کلامی ہوتی رہتی تھی اور میں ان تلخیوں کے ساتھ ہی بڑی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین کے درمیان تلخیوں کی وجہ سے میں نے اپنے والد کو ہمیشہ سخت انسان تصور کیا اور ان سے کئی سال تک بات نہیں کی جب کہ میں ان سے بات کرنے کی خواہش مند رہتی تھی۔
سونیا نے بتایا کہ پہلی بار میں نے والد کو فون پر آئی لو یو کہا تو میری جانب سے اظہار محبت کا سنتے ہی والد رو پڑے تھے، مجھے فون پر والد کی سسکیوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔
اداکارہ کا جذباتی ہوتے ہوئے کہنا تھا کہ والد کے رونے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ میرے والد کتنے نرم دل ہیں، مجھے والد سے بات کرنے میں کئی سال لگ گئے، میں نے وقت کو ضائع کیا۔