پاکستان کسان اتحاد کا زرعی ٹیکس اور گندم کی کم قیمت پر خریداری کیخلاف دھرنے کا اعلان
(لاہورنیوز) پاکستان کسان اتحاد نے زرعی ٹیکس اور گندم کی کم قیمت پر خریداری کے خلاف اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین پاکستان کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کی جانب سے زرعی ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ افسوسناک ہے، آئی ایم ایف کی فرمائش پر زرعی ٹیکس عائد کیا گیا، گندم کی فصل نہ خرید کر کاشتکاروں کو تباہ کیا گیا۔
خالد باٹھ نے مزید کہاکہ کسانوں سے گندم بیچنے کا حق چھینا جا رہا ہے، کل 40 فیصد کپاس کاشت کی گئی ہے، گندم کی کاشت بھی کم ہو گی، بلوچستان حکومت کے شکر گزار ہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی فروخت پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلد حکومت پنجاب کی پالیسیوں کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دیں گے، کسانوں پر کوئی سرمایہ کاری نہیں کی جا رہی، کسان بیس سے پچیس ہزار ارب روپے قومی آمدنی میں شامل کرتے ہیں، کسان پیکیج کے نام پر ڈرامے کئے جاتے ہیں۔
خالد باٹھ کا مزید کہنا تھا کہ سترہ روپے والا بجلی کا یونٹ ہمیں پچاسی روپے میں مل رہا ہے، کسانوں کو باہر نکلنا ہو گا۔