(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تین مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج ہونے کیخلاف درخواستوں پر سماعت آج ہو گی۔
لاہور ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج کرنے کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں، دو رکنی بنچ آج درخواستوں پر سماعت کرے گا، بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے درخواستیں دائر کی ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر ہونے والی درخواستوں میں استدعا کی گئی کہ پاکستان کا سابق وزیراعظم ہوں، دہشتگردی عدالت نے عبوری ضمانتیں خارج کیں، 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات میں حقائق کے منافی ضمانتیں مسترد کی گئیں، عدالت عبوری ضمانتیں منظور کرے اور عبوری ضمانتوں کی منسوخی کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
یاد رہے کہ عمران خان پر لاہور کے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات درج ہیں، انسداد دہشتگردی عدالت نے 6 جولائی کو وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد 3 کیسز میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں مسترد کی تھیں۔