(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔
10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے روایتیراستوں کشمیری بازار، سنہری مسجد، چوک رنگ محل، پانی والا تالاب، ٹبی سٹی اور بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوا، عزاداروں نے گامے شاہ پہنچ کر نماز مغربین ادا کی، کربلا گامے شاہ میں شام غریباں بپا ہو گی۔
مرکزی جلوس کے راستوں پر عزاداروں کے لیے کھانے کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا گیا تھا،جلوس کے راستوں پر حلوہ پوری ،نان حلیم اور چاول تقسیم کیے گئے جبکہ دودھ، جامِ شیریں اور صندل کے مشروبات کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں۔
عزاداروں کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں سبیل اور لنگر تقسیم کرنے کا مقصد اہل بیت کی بھوک اور پیاس کے ساتھ ساتھ ان کی اسلام کیلئے دی گئی بے مثال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے ،امام حسینؓ کی یاد میں یہ لنگر تاقیامت جاری رہے گا۔
جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ سکیورٹی کی لائیو مانیٹرنگ آئی جی آفس، ڈی سی آفس اور محکمہ داخلہ میں قائم کنٹرول رومز سے بھی کی جاتی رہی، لاہور میں مرکزی جلوس کے روٹ کے اطراف میں ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی عائد رہی۔