(ویب ڈیسک) پاکستان سمیت بھارت میں یکساں مقبولیت رکھنے والے معروف اداکار فواد خان کے سستے اور عام موبائل فون نے مداحوں کو حیران کردیا۔
فواد خان کا شمار اُن پاکستانی اداکاروں میں ہوتا ہے جو مہنگے ترین سمارٹ فونز کے اشتہارات میں کام کرتے ہیں لیکن حقیقی زندگی میں اُن کا عام اور پُرانے ماڈل کا موبائل فون دیکھ کر مداح دنگ رہ گئے۔
سوشل میڈیا پر فواد خان کی مختصر ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اُنہیں ایک بیگ سے اپنا فون نکالتے ہوئے دِکھایا گیا ہے، اداکار نے بیگ ٹٹولتے ہوئے اپنا فون نکالا تو وہ کوئی مہنگا سمارٹ فون نہیں تھا بلکہ عام سا ‘کی پیڈ فون’ (بٹن والا موبائل) تھا۔
ویڈیو میں فواد خان کو بیگ سے اپنا ‘کی پیڈ فون’ نکال کر اُسے استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
فواد خان کی ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے مداحوں نے کہا کہ شاید اداکار کراچی میں رہتے ہیں، اسی وجہ سے اپنے پاس سستا موبائل رکھتے ہیں۔
مداحوں نے یہ بھی کہا کہ فواد خان کے پاس ‘نان پی ٹی اے’ آئی فون ہوگا اور اُنہوں نے اپنی سِم چلانے کے لیے بٹن والا موبائل رکھا ہوا ہے۔
ایک اور مداح نے سوال کیا کہ اس موبائل سے فواد خان اپنا انسٹاگرام ہینڈل کیسے استعمال کرتے ہیں؟