(لاہورنیوز) محکمہ خوراک پنجاب نے فیلڈ آپریشن کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
ترجمان محکمہ خوراک کے مطابق صوبہ بھر میں آج 360 آٹا ڈیلرز، ریٹیل شاپس اور منڈیوں کی چیکنگ کی گئی، 100 فیصد مارکیٹ میں طلب سے زائد آٹا سٹاک موجود ہے، صوبہ بھر کی منڈیوں میں گندم کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
محکمہ خوراک کے ترجمان کے مطابق لاہور اور راولپنڈی کی غلہ منڈیوں میں 100 روپے فی من تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے،منڈیوں میں وافر مقدار میں گندم سٹاک دستیاب ہے، آٹے اور گندم کی قیمتوں میں اضافے کی کوششوں کو سختی سے روکا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ آٹے کی کوالٹی اور وزن میں کمی کی شکایات پر بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ خوراک کے افسران روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ آپریشن میں مصروف ہیں، عوام کو معیاری اور سستے داموں آٹے کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔