تاریخ رقم: چیمپئن آسٹریلیا ورلڈکپ سے باہر، افغانستان کی پہلی بار سیمی فائنل میں انٹری
(ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلا دیش کو شکست دیکر پہلی بار سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں اب افغانستان کی ٹیم کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہوگا۔
افغانستان نے بنگلا دیش کو جیت کیلئے 116 رنز کا ہدف دیا مگر بارش کی بار بار انٹری کے باعث دوسری اننگز کا کھیل 19 اوورز تک محدود کر دیا گیا اور بنگلا دیش کی پوری ٹیم 105 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی یوں افغانستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت میچ 8 رنز سے اپنے نام کر لیا۔
بنگلا دیش کی بیٹنگ
بنگلادیش نے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے افغانستان کا دیا گیا 116 رنز کا ہدف 12.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا تاہم بارش سے کئی مرتبہ متاثر ہونے والے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم 17.5 اوورز میں 105رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بارش سے قبل ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کا آغاز اچھا نہ رہا، صرف 23 رنز پر 3 بنگال ٹائیگرز پویلین لوٹ گئے۔
بعدازاں میچ کا دوسرا مرحلہ کم ہدف ہونے کے باوجود بھی سنسنی خیز رہا اور دونوں ٹیمیں آخری گیند تک جیت کی کوششیں کرتی رہیں۔
ہدف کے تعاقب کے دوران کئی مرتبہ بارش کی وجہ سے میچ روکنا بھی پڑا تاہم قسمت افغان ٹیم کے ساتھ نظر آئی اور آخر میں جب میچ بارش کی وجہ سے روکنا پڑا تو اس وقت بنگلادیش کو جیت کے لیے 7 گیندوں پر ایک وکٹ پر 8 رنز درکار تھے مگر مستفیض الرحمان افغان باؤلر نوین الحق کے سامنے مزاحمت نہ کر سکے اور ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
بنگلا دیش کی پوری ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت میچ کے نتیجے کا اعلان کر کے افغان ٹیم کو 8 رنز سے فاتح قرار دے دے گیا اور یوں افغان ٹیم نے پہلی مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلادیش کے لٹن داس 54 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ بنگلا دیش کے 4 بلے باز کھاتہ بھی نہ کھول سکے اور صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شنٹو نے 5، سومیا سرکار نے 10، توحید ہردوئے نے 14، محمود اللہ نے 6، تنظیم حسن ثاقب نے 3 اور تسکین احمد نے 2 رنز بنائے۔
افغانستان کے راشد خان نے 23 اور نوین الحق نے 26 رنز دے کر 4،4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایک ایک وکٹ فضل حق فاروقی اور گلبدین نائب کے حصے میں آئی۔
اس سے قبل گروپ ون کے اہم میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
قبل ازیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، دونوں ٹیمیں آرنوس ویل کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل تھیں۔
افغانستان کی بیٹنگ
ٹاس جیتنے کے بعد افغان ٹیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا آغاز کیا، اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے 59 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
اس کے بعد ابراہیم زدران 29 گیندوں کا سامنا کر کے 18 رنز پر آؤٹ ہو گئے، ان کے بعد آنے والا کوئی بھی کھلاڑی رحمان اللہ گرباز کا ساتھ نہ دے سکا، عظمت اللہ عمرزئی 10، گلبدین نائب 4 اور محمد نبی ایک ہی رن بنا پائے۔
کپتان راشد خان 18 اور کریم جنت 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، اوپنر رحمان اللہ گرباز نے 55 گیندوں پر 43 رنز بنائے، یوں افغان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 115 رنز ہی بنا پائی، بنگلا دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3، تسکین احمد اور مستفیض الرحیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
افغان سکواڈ
افغان ٹیم کی قیادت راشد خان نے کی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، کریم جنت، ننگیالیا کھروٹ، نور احمد، نوین الحق اور فضل حق فاروقی سکواڈ کا حصہ تھے۔
بنگلا دیشی سکواڈ
بنگلا دیش کی ٹیم کی کپتانی کے فرائض نجم الحسین شانتو نے ادا کیے، تنزید حسن، سومیا سرکار، لٹن داس، توحید ہردوئے، شکیب الحسن، محمود اللہ، رشاد حسین، تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور تنظیم حسن ثاقب سکواڈ میں شامل تھے۔