(لاہور نیوز) بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ چیلنج رہتا ہے، یہ ضروری نہیں پاکستان پچھلا میچ ہار گیا تو دوبارہ بھی ہار جائے۔
نیویارک کے نساؤ کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ پاکستان پچھلے ورلڈ کپ میں زمبابوے سے ہارنے کے بعد فائنل کھیلا تھا، ٹی ٹوئنٹی میں کسی بھی وقت صورتحال بدل جاتی ہے، یہ نہیں سوچ سکتے کہ پچھلا میچ پاکستان ہارا تو یہ بھی ہار سکتا ہے، پاکستان ٹیم یقینی طور پر اپنی غلطی کا تجزیہ کر کے آئے گی۔
روہت شرما نے مزید کہا ہے کہ کبھی اچھے آغاز کے بعد بھی ٹیمیں لڑکھڑا جاتی ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں ہر ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، نیویارک میں دونوں ٹیموں کیلئے یکساں کنڈیشنز اور موقع ہو گا، ہم یہاں صرف 7 دن پہلے آئے ہیں، نیویارک ہمارا ہوم گراؤنڈ نہیں، جو اچھا کھیلے گا وہ جیتے گا، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کون پہلے نیویارک پہنچا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ کیلئے گیم پلان پر بات ہوئی ہے، ٹیم میں سب تجربہ کار پلیئر ہیں، ان سے اچھے کی توقع ہے، ایک دو کھلاڑیوں پر انحصار نہیں کر سکتے، تمام 11 کو کردار ادا کرنا ہو گا، اہم پلیئر ہر سکواڈ میں ہوتے ہیں لیکن کردار سب کا ہی رہتا ہے۔
روہت شرما کا کہنا تھا کہ نیو یارک کی پچ پر باؤنڈری اور چھکے نہیں ملتے، بھاگ کر رن لینا اہم ہوگا، پچ جیسی ہو، سامنا کسی سے بھی ہو، ہمیں اپنی بہترین کرکٹ کھیلنی ہے، یہاں کی کنڈیشنز میں مشکلات ہیں لیکن جیت کیلئے اس کو عبور کرنا ہوگا، یہاں ہر اوور میں گیم تبدیل ہوتا ہے، اس لیے زیادہ آگے کا نہیں سوچتے۔