(ویب ڈیسک) امریکی شہر نیویارک میں پاک بھارت میچ کے لیے سکیورٹی کا مسئلہ سر اٹھانے لگا، 9 جون کو ہونے والے ٹاکرے سے قبل دہشت گردی کے حملے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نیویارک انتظامیہ نے دھمکیوں کے بعد پاک بھارت میچ کے لیے سکیورٹی بڑھا دی ہے۔
دھمکی آمیز رپورٹس سامنے آنے کے بعد سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ان رپورٹس کے حوالے سے ابھی کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔
پاک بھارت میچ کو دہشت گردی کا کوئی خطرہ نہیں
دوسری جانب نیویارک گورنر آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ صورت حال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق ابھی دہشت گردی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچول کا کہنا ہے کہ میں قانون نافذ کرنے والے حکام کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہوں کہ ایونٹ کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہو جائے۔