28 May 2024
(ویب ڈیسک) پنجاب رکشا یونین بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف سراپا احتجاج بن گئی، کوٹ آرائیاں رائیونڈروڈ پر احتجاج ، مہنگی بجلی اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
چیئرمین پنجاب رکشا یونین عرفان علی کی قیادت میں رکشا ڈرائیورز بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔ مظاہرین نے مہنگی بجلی اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کےخلاف نعرے بازی بھی کی ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مراعات یافتہ طبقہ مفت بجلی استعمال کر رہا ہے، امراء نےسولرپینل لگوا لئے ہوئے ہیں، غریب کو بجلی کا بل دے کر بھی بجلی نہیں مل رہی ہے۔ رکشا ڈرائیورز جو کما رہے ہیں وہ چالان اور بل بھر دیتے ہیں،عام آدمی سے تاوان کی صورت میں بجلی کے بل لئے جا رہے ہیں،حکومت دیہاڑی دار کی مشکلات کا خیال کرے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ عام آدمی کو سولر پینل دیے جائیں، 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو ریلیف دیاجائے۔