(ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل ریفرنس پر سماعت 15 مئی تک ملتوی کر دی۔
اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھے، نیب پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا ظہیر عباس چودھری، انتظار پنجوتھہ اور شعیب شاہین و دیگر پیش ہوئے۔
وکلا صفائی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے اور سعیدہ وارثی سے ملاقات کی درخواستیں دائر کی گئیں، عدالت نے طبی معائنے اور سعیدہ وارثی سے ملاقات کی درخواستیں منظور کر لیں۔
سماعت میں نیب کے 3 گواہان کے بیانات ریکارڈ اور 2 پر جرح مکمل کر لی گئی، 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل ریفرنس میں مجموعی طور پر 30 گواہان کے بیانات ریکارڈ اور 19 پر جرح مکمل ہو گئی۔
بعدازاں 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل ریفرنس کی سماعت 15 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔