(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث کرداروں کو آئین و قانون کے مطابق سزا ضرور ملنی چاہیے۔
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کا منصورہ میں سیٹلائٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم جلاؤ گھیراؤ یا اس طرح کے کسی واقعہ کی حمایت نہیں کر سکتے، 9 مئی کے واقعات میں اگر کوئی ادارہ ملوث ہو تو اس کا بھی احتساب کیا جائے۔
گندم بحران کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم موجود ہونے کے باوجود ایک ملین ڈالر کی گندم درآمدکر کے کسانوں کو نقصان پہنچایا گیا، اب یہ ایک دوسرے پر الزام لگا رہے ہیں، ذمہ داروں کو بے نقاب کرنا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومتی سیٹ اپ جعلی اور فراڈ ہے اسے تسلیم نہیں کرسکتے، چند پارٹیاں شاید اس لیے احتجاج کر رہی ہیں کہ انہیں الیکشن میں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی طرح حصہ نہیں ملا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس 25 مئی کو ہے،مشاورت کے بعد قوم کے سامنے پرامن مزاحمت کا ماڈل رکھیں گے۔