(ویب ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں پابندی کے باوجود لیسکو چیف شاہد حیدر نے کئی نافرمان افسران کو او ایس ڈی بنا کر ان کی جگہ دوسرے افسروں کا تقرر کر دیا ہے ۔
لیسکو ذرائع نے بتایا ہے کہ چیف ایگزیکٹو شاہد حیدر نے افسران کو دو سے تین روز تک ہیڈکوارٹرز میں بٹھا کر مزید تقرریاں کی ہیں۔
وزارت پاور ڈویژن نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) میں تبادلوں پر پابندی لگا رکھی ہے۔ اس پابندی کی وجہ سے ڈسکوز میں جن افسروں کو ہٹانا ضروری خیال کیا جا رہا ہے انہیں ہٹا کر ضروری تقرریاں کرنے کے لئے او ایس ڈی بنانے کا طریقہ کار اپنایا گیا ہے۔
لیسکو میں فاروق عمر کو جی ایس او سے تبدیل کر کے منیجر ٹی ایس لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ جی ایس سی سے آفتاب حسین بٹ کواو ایس ڈی بنا کر زاہد قیوم کھوکھر کو پراجیکٹ ڈائریکٹر جی ایس سی بنانے کے لئے سیٹ خالی کروائی گئی۔
آفتاب حسین بٹ کو منیجر جی ایس او لگانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمرشل منیجر ناردرن سرکل اقبال انور کو معطل کر دیا گیا ہے۔