(لاہور نیوز) گندم بحران ہر روز نئی کروٹ لے رہا ہے، شہر میں نئی گندم کی خریدو فروخت سرکاری نرخ سے کم قیمت میں دستیاب ہے۔
اقتدار ایوان سے لے کر عام آدمی تک ہر جانب گندم کی گونج سنائی دے رہی ہے، سرکاری ریٹ کے برعکس لاہور میں سستے داموں گندم کی فروخت جاری ہے، باغبانپورہ مارکیٹ میں نئی گندم 3500 روپے فی من بیچی جا رہی ہے، گزشتہ برس ان دنوں گندم کے نرخ 4500 روپے من سے بھی زیادہ تھے، پرانی گندم محدود مقدار میں دستیاب ہے تاہم اس کا نرخ 5 ہزار روپے من ہے۔
گندم نرخ کم ہونے سے آٹا بھی سستا ہو گیا، چکی آٹا اور فلور ملز آٹا نرخ میں بھی نمایاں کمی آ گئی، 175 روپے کلو والا آٹا 160 روپے میں دستیاب ہے، 20 کلو آٹے کا تھیلا بھی 2000 روپے میں مل رہا ہے۔
گندم اور آٹا سستا ملنے پر شہری تو خوش مگر کسان مطمئن نہیں، کسان کمیونٹی کا حکومت اور متعلقہ حکام سے سرکاری نرخوں پر جلد گندم خریداری کا مطالبہ شدت اختیار کر گیا ہے۔