امیر جماعت اسلامی اور ایرانی سفیر کی ملاقات، فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کا عزم
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔
ایران کے سفیر نے حافظ نعیم الرحمان کو امیر جماعت اسلامی منتخب ہونے پر مبارکباد دی، امیر جماعت اسلامی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ جماعت اسلامی کا انتخابی نظام انتہائی جمہوری اور قابل تقلید ہے۔
ملاقات میں ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے،ایرانی سفیر نے امیر جماعت اسلامی کو دورہ ایران کی دعوت دی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطین ایشو پر ہم ایران کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، فلسطینیوں کی طرف سے مزاحمت کو ایران کی مزید حمایت کی ضرورت ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر حکومت کو بین الاقوامی دباؤ سے باہر آنا چاہئے،حکومت کو یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ جماعت اسلامی پوری طاقت کے ساتھ فلسطین ایشو اور کاز کے ساتھ کھڑی ہے، ہم جماعت اسلامی کے تاریخی کردار کو اتحاد امت کیلئے سراہتے ہیں، اس وقت عالمی رائے عامہ فلسطین کے حق میں ہے۔